Home > kashmir > بدقسمتی سے ہم تقسیم در تقسیم ہوتے جارہے ہیں ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر

بدقسمتی سے ہم تقسیم در تقسیم ہوتے جارہے ہیں ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد(پی آئی ڈی ) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حید ر خان سے ممبر اسمبلی چوہدری شہزاد محمود کی قیادت میں متاثرین نیلم جہلم ہائیڈرو پاو ر پراجیکٹ حلقہ نمبر2کی ملاقات۔ چوہدری شہزاد محمود نے متاثرین نیلم جہلم کے مسائل کے حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ واپڈامتاثرین کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کررہا جس پر انہیں تشویش ہے۔متاثرین نے واپڈاکے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ وزیر اعظم اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین سے کیے جانے والے وعدے پورے کیے جائیں گے، متاثرین اطمینان رکھیں ان کو کسی صورت بے یارومددگار نہیں چھوڑا جائیگا۔ متاثرین نیلم جہلم کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور بہت جلد اس حوالے سے سارے معاملات طے کرینگے۔متاثرین نیلم جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے مسائل کے حوالہ سے متعلقہ حکام سے بات چیت کر کے تمام مسائل کو جلد یکسو کیا جائے گا۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ہمراہ وزیر اعظم احسان خالد کیانی اور ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمان بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے محکمہ تعلقا ت عامہ کے زیر اہتمام ’’ماہنامہ جہان نو‘‘ کی تقریب رونمائی کے موقع پر نمایاں کاکردگی سرانجام دینے والے آفیسران اور اہلکاران میں شیلڈز تقسیم کیں ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا کو بہترین کارکردگی پر شیلڈ دی گئی جبکہ شعبہ نیوز میں انفارمیشن آفیسر میرپور محمد جاوید ملک ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجہ سہیل خان ، انفارمیشن آفیسر مقصود احمد میر ،انفارمیشن آفیسر قراۃالعین شبیر کو ایوارڈ دیے گئے۔ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سید آصف حسین نقوی کو الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے بہترین کوآرڈینیشن پر جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر خواجہ عمران الحق کواسلام ؍راولپنڈی اور کشمیر ہاؤس میں میڈیا سے بہترین رابطہ کاری اور پریس کانفرنسوں کے انعقاد پر ایوارڈ دیا گیااور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شوکت علی ملک اور انفارمیشن آفیسر یاسر عارف اور ضیاالرحمان کو ماہنامہ جہان نو کی کامیاب پر Outstandingپرفارمنس ایوارڈ دیے گئے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکشن میں بہترین کاکردگی سرانجام دینے پر ایڈورٹائزنگ آفیسر شمیم انجم عزیز اور بہترین عکسی کوریج پرساجد نذیر فوٹو گرافراورملک محمد شبیر کیمرہ مین کوبھی ایوارڈ دئیے گئے ۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کو علاقائی و گروہی تعصب سے نکال کر ایک خوشحال ریاست بنانا مشن ہے ،بدقسمتی سے ہم تقسیم در تقسیم ہوتے جارہے ہیں ۔ محکمہ اطلاعات ریاست کا چہرہ ہے اس کی استعداد کار بڑھائیں گے ۔ حکومتی اقدامات ،گڈ گورننس ، آزادخطہ کی تعمیر وترقی اور مفاد عامہ کی معلومات اصل روح کے ساتھ عوام تک پہنچایا جائے تاکہ ان کااعتماد بحال رہے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر محکمہ تعلقات عامہ آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے زیر اہتمام آزاد کشمیر کے 70ویں یوم تاسیس کے موقع شائع ہونے والے ماہنامہ جہان نو کے خصوصی نمبر کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر وزراء حکومت ، سیکرٹریز حکومت ، سربراہان محکمہ جات ، سول سائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا کہ جہان نو ایک بہترین دستاویز ہے ،وزیراطلاعات ، سیکرٹری اطلاعات، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات اور ان کی ٹیم نے بہترین کاوش کی ہے۔انہو ں نے کہا کہ حکومت حقیقی مفاد عامہ کیلئے کام کررہی ہے ۔ یہاں کو ئی بیت الخلا کو دوسری جگہ منتقل کرنے کو تیار نہیں جبکہ جنجال ہل والوں نے تحریک آزادی کیلئے دارالخلافہ مظفرآباد منتقل کر دیا تھا۔ آزادکشمیر کے تاریخی ورثہ کی حفاظت کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور اس کیلئے آزادکشمیر حکومت خصوصی منصوبے کا آغاز کریگی جس کیلئے فنڈز فراہم کرینگے ،اس میں سلسلہ محکمہ آثار قدیمہ منصوبہ بندی کرے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے کو بتا یا ہے کہ آزادکشمیر میں پرانا ریلوے ٹریک بحال کیا جائے جو کہ کھڑی شریف تک تھا۔ ہمارے اسلاف بڑی سوچ رکھنے والے لوگ تھے دارالخلافہ مظفرآباد اس لیے منتقل کیا گیا تھا کہ یہ درارلخلافہ سرینگر کا گیٹ وے ہے۔ ماہنامہ ’’جہان نو‘‘ کی اشاعت پر محکمہ اطلاعات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ یہ میگزین آنے والی نسل کیلئے قیمتی اثاثہ ہے ۔ اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کے بارہ میں معلوم ہونا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہاکہ بڑے نا مساعد حالات میں دارخلافہ مظفرآباد میں قائم کیا گیا اس کی تعمیر بڑی محنت اور مشقت سے کی گئی۔ 24اکتوبر1947اور24اکتوبر2017 کے آزادکشمیرمیں زمین و آسمان کا فرق ہے ۔ آج ہم نے ہر شعبہ زندگی میں بے مثال ترقی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی پیرا ملٹری فورسز نے مقبوضہ کشمیر پر اپنا قبضہ جمانے کیلئے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے بھارت کے انسانیت سوز مظالم کے سامنے سینہ سپر ہو کر تحریک آزادی کو زندہ رکھنے والے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتا ق احمد منہاس نے کہا کہ ’’جہان نو‘‘ کی کامیاب اشاعت اور پروقار تقریب کے انعقاد پر سیکرٹری اطلاعات منصور قادر ڈار ، ڈائریکٹر جنرل راجہ اظہر اقبال اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر جہان نو کی دوبارہ اشاعت کی گئی ۔ ہمیں ایک ایسی دستاویز کی ضرورت تھی جس سے ہم باہر سے آنے والے لوگوں کو آزادجموں وکشمیر کے حوالے سے معلومات دے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماہنامہ ’’جہان نو‘‘ ایک مکمل معلوماتی اورتاریخی دستاویز ہے جس میں ثقافتی معلومات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہان نو کے آمدہ شماروں میں آزادکشمیر کے تمام حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کا ذکربھی کیا جائے اور اس سلسلہ میں تمام ممبران اسمبلی سے رہنمائی لی جائے۔ وزیر اطلاعات نے اس توقع کا اظہا ربھی کیا کہ محکمہ اطلاعات اپنی شاندار کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے زیادہ لگن اور تندہی سے کام کریگا۔ سیکرٹری اطلاعات منصورقادر ڈار نے کہا کہ میڈیا میں آزاد جموں وکشمیر کی تعمیر وترقی کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کوبے نقاب کرنے کے لئے محکمہ اطلاعات درست اطلاعات کی فراہمی کو اپنی بساط کے مطابق یقینی بنا رہا ہے۔محکمہ اطلاعات اس وقت حکومت اور میڈیا کے درمیان ایک حقیقی پل کا کر دار ادا کر ہا ہے جبکہ محکمہ کی ویب سائیٹ پر تمام حکومتی سرگرمیاں ، اشتہارات اور اہم نوٹیفکیشن ہمہ وقت اپ لوڈ کیے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ’’جہان نو‘‘ میگزین کی اشاعت کو مختصر وقت میں یقینی بنانے پر ڈی جی اطلاعات اور ان کی انتہائی باصلاحیت اور محنتی ٹیم کو شاباش دتیا ہوں جنہوں نے کم سٹاف اور کم وسائل کے ساتھ ایک قومی معیار کے مجلے کی اشاعت کو یقینی بنایا اور 1947سے 2017تک کی آزاد حکومتی کی دستوری ، انتظامی ، پارلیمانی اور جمہوری تاریخ کو ایک ہی جگہ اکٹھا کرنے کے ساتھ سیاحت کے فروغ کے لئے بھی تمام بنیادی معلومات فراہم کر دی ہیں ۔
ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ انٹرنیٹ او ر سمارٹ فونز نے عام آدمی کو کتاب سے دورکر دیا ہے مگر لکھے ہوئے الفاظ کی اہمیت ختم نہیں ہوئی بلکہ تحقیق پر مبنی معلومات کی دستیابی ایک بڑاچیلنج بن چکی ہے ۔ اسی تناظر میں ماہنامہ ’’جہان نو ‘‘آزاد جموں وکشمیر کے اندر تحریکی ، حکومتی تعمیر و ترقی اور گورننس کے متعلق سرکاری سرگرمیوں کو بالخصوص عوام کے سامنے لانے میں اپنا کر دار ادا کرے گا، محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور تمام ضروری سیکشنزبنا دیے گئے ہیں جن میں الیکٹرانک میڈیا،سوشل میڈیا،مانیٹرنگ سیکشن،پرنٹ میڈیا انگریزی سیکشن، آئی ٹی سیکشن شامل ہیں پی آئی ڈی فورم دیگر سیکشن کیلئے محکمہ اطلاعات آزادکشمیر کو پہلی مرتبہ وفاقی حکومت کے تحت آڈٹ بیورو آف سرکولیشن(ABC) میں نمائندگی ملی۔ خبروں کی بروقت میڈیا آرگنائزیشنز کو ترسیل اور پورے آزادکشمیر سے خبروں کے حصول کے لیے سینٹرل نیوز روم کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے ۔ محکمہ نے اپناالگ الیکٹرانک میڈیا سیکشن قائم کر دیا ۔ محکمہ اطلاعات نے سوشل میڈیا کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر اپنا سوشل میڈیا سیکشن قائم کر دیا جس کے تحت آزادجموں کشمیر حکومت کی پبلسٹی اور ڈویلپمنٹ کے حوالہ سے لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دستیاب ہوتی ہیں۔ محکمہ اطلاعات نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کے پیش نظر اپنے الگ آئی ٹی سیکشن کا قیام عمل میں لایا ہے جس نے محکمہ کی الگ ویب سائیٹ قائم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات نے وزراء حکومت اور سربراہان محکمہ جات کے ساتھ امور محکمہ جات اور کارکردگی پر گفت وشنید اور سوال وجواب کا سیشن کرنے اور اسکے نتیجے میں حاصل کی جانے والی معلومات ،تجاویز اور محکمانہ کارکردگی کی موثر اشاعت یقینی بنانے کے لیے پی آئی ڈی ڈسکشن فورم کا قیام عمل میں لایا ہے تاکہ عوام الناس کو مختلف محکموں کے امور سے آگاہی حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرز پر نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ میں جدید پریس کانفرنس ہال کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ میڈیا اب چونکہ ریاست کا چوتھا ستون سمجھا جاتا ہے اس لیے میڈیاسے منسلک لوگوں کی فلاح بہبود ناگزیر ہے۔ اسی مقصد کے حصول کے لیے آزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیاتھا جس کو مزید مستحکم اور فعال کر دیا گیا ہے۔ محکمہ اطلاعات صحافیوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دے رہا ہے اور میڈیا پرسنز کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی مزید ترقی کیلئے آئندہ 5سالہ منصوبہ کے تحت بھی ہم نے مختلف پراجیکٹس تجویز کیے ہیں جن پر عملدرآمد کے نتیجہ میں محکمہ اطلاعات وقت کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہو جائے گا۔تقریب کے آخر میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حید ر خان کو وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے سوینئر پیش کیا جبکہ وزیر اعظم آزادکشمیر نے وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس ، سیکرٹری اطلاعات منصور قادر اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر کو شیلڈ زدیں۔ محکمہ تعلقات عامہ آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے زیر اہتمام آزاد کشمیر کے 70ویں یوم تاسیس کے موقع پر شائع ہونے والے ماہنامہ جہان نو کے خصوصی نمبر کی تقریب رونمائی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق احمدمنہاس نے ماہنامہ ’’جہان نو ‘‘کی رونمائی کی۔ تقریب وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان ، وزیر خوراک سید شوکت شاہ، وزیر خزانہ و صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی، وزیر بحالیات ناصر حسین ڈار،وزیر سپورٹس چوہدری سعید ممبران اسمبلی راجہ عبدالقیوم خان، چوہدری اسحاق، چوہدری اسماعیل، چوہدری مسعود خالد، میاں یاسر رشید، کرنل (ر)وقار،راجہ نصیر، راجہ جاوید اقبال ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف شاہ ، سیکرٹریز حکومت ، سربراہان محکمہ جات، سول سائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی

Share this News!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

shares